پمز ہسپتال کے کورونا وارڈز میں مریضوں کی گنجائش ختم ہو گئی

پمز ہسپتال کے کورونا وارڈز میں مریضوں کی گنجائش ختم ہو گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں کورونا وارڈز میں مریضوں کی گنجائش ختم ہو گئی ہے اور کورونا مریض داخلے کیلئے ایمرجنسی رومز میں انتظار کر رہے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پمز ہسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ڈین کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کے بعد ہسپتال پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور کورونا مریض داخلے کیلئے ایمرجنسی رومز میں انتظار کررہے ہیں، مریضوں میں اضافے کے باعث پمز ہسپتال میں آکسیجن پریشر میں بھی کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ 
خط کے متن کے مطابق آکسیجن کا پریشر برقرار رکھنے کیلئے آپریشن ملتوی کر دئیے گئے ہیں اور آکسیجن پریشربرقرار رہ سکنے والے آئی سی یو میں کورونا مریض منتقل کئے جائیں گے۔ خط میں اپیل کی گئی ہے کہ وزرات قومی صحت اسلام آباد کی دیگر طبی سہولیات کو مضبوط کرے، کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے دیگر طبی مراکز میں سہولیات بڑھائی جائیں۔
دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اس وقت ہسپتال میں 9 کورونا مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں جبکہ کورونا وارڈ میں داخل مریضوں کی تعداد 150 ہے، ہسپتال ایمرجنسی میں 30 مریض بیڈز کے انتظار میں ہیں جبکہ مریضوں کی اکثریت ہائی فلو آکسیجن پر ہے۔