لندن:تیزی سے بدلتے عالمی نظام میں پاکستان کے چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
ایک مؤثر سٹریٹجک رہنما کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کثیرالجہتی خارجہ پالیسی اور سفارتکاری کا ماہر قرار دیا ہے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق عالمی سیاست میں تبدیلیوں نے مڈل پاور ممالک کے لیے ایک نیا اور پیچیدہ دور شروع کر دیا ہے، جہاں مختلف عالمی طاقتوں کے درمیان توازن قائم رکھنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ اس تناظر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو درمیانی طاقتوں کے کامیاب ترین ملٹی الائنرز میں شمار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر روایتی اور غیر رسمی انداز سے سب سے بہتر ہم آہنگ ہونے کا اعزاز بھی پاکستان کے عسکری سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو حاصل ہوا۔ جریدے کے مطابق وہ مڈل پاور ممالک کے لیے ایک کامیاب کثیرالجہتی سٹریٹجسٹ اور مؤثر سفارتکاری کی نمایاں مثال ہیں۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستان کی قیادت نے واشنگٹن، بیجنگ، ریاض اور تہران کے ساتھ بیک وقت فعال سفارتی روابط برقرار رکھے، جس کے نتیجے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بدلتی عالمی سیاست میں پاکستان کے لیے نئے سفارتی مواقع پیدا کیے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے بدلتے عالمی ماحول میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔
جریدے کے مطابق صدر ٹرمپ کے ساتھ بروقت خوش گفتاری اور نرم سفارتی رویہ پاکستان کے لیے سودمند ثابت ہوا، جسے ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا گیا ہے۔ فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت نے بھارت کو مایوس کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت کے لیے مڈل پاور کا کردار توقعات سے کہیں زیادہ مشکل ثابت ہوا، کیونکہ وہ بدلتے عالمی حالات اور امریکی قیادت کے انداز سے ہم آہنگ نہ ہو سکا۔ اس سفارتی ناکامی کے باعث بھارت کو مڈل پاور حکمتِ عملی میں نمایاں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔