لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب ریونیو سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور ٹیکس چوری کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکس چوروں اور ٹیکس فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں گی۔ میرج ہالز، فوڈ چینز، مختلف کاروباری مراکز سے لے کر فارم ہاؤسز تک ہر قسم کی ٹرانزیکشن کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے کیمرے نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ جعلی رسیدیں جاری کرنے، سیلز چھپانے اور ٹیکس سے بچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹیکس وصولی اور سیکٹرل میپنگ کی پیش رفت سے متعلق ہر ہفتے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شفاف اور مؤثر ریونیو نظام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔