Get Alerts

پاکستان اور ایران یک جان دو قالب ،مفاہمتی عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششیں قابلِ تحسین ہیں، ایرانی صدر

پاکستان اور ایران یک جان دو قالب ،مفاہمتی عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششیں قابلِ تحسین ہیں، ایرانی صدر

اسلام آباد: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات منفرد نوعیت کے حامل ہیں، دونوں ممالک یک جان دو قالب ہیں اور مشترکہ مستقبل و منزل کے شراکت دار ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران ایرانی صدر نے اپنی گفتگو کا آغاز مفکر پاکستان علامہ اقبال کے شعر سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف ہمارا ہمسایہ نہیں بلکہ ہمارا بھائی اور عزیز دوست ہے، جبکہ اسلام آباد اور تہران کے تعلقات قریبی اعتماد اور باہمی احترام پر قائم ہیں۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ماضی قریب کے واقعات نے دونوں ممالک کے قریبی رشتے کو مزید مضبوط کیا ہے۔ پاکستان نے مذاکراتی عمل میں بہترین کردار ادا کیا، جبکہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے اہم کردار کے معترف ہیں۔

ایرانی صدر نے شاندار استقبال اور بھرپور میزبانی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دورہ پاکستان کی دعوت دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہونے والی ملاقاتیں تعمیری رہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے خوشحال مشترکہ مستقبل کے لیے آگے بڑھنا ہے۔ خطے میں امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور علاقائی روابط کا فروغ تعمیری بات چیت سے ممکن ہے۔

ایرانی صدر نے امن عمل میں تعاون پر قطر، ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور دیگر دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ثالثی کے عمل میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ جنگ کے آغاز سے مفاہمتی یادداشت تک پاکستان نے مخلصانہ اور انتھک کوششیں کیں۔

ٹیگز: