Get Alerts

پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز کی شاندار فتح، کراچی کنگز ایونٹ سے باہر

پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز کی شاندار فتح، کراچی کنگز ایونٹ سے باہر

لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے پہلے ایلیمنٹر میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 190 رنز بنائے۔ کپتان ڈیوڈ وارنر نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 75 رنز اسکور کیے۔ ان کے علاوہ عرفان خان، محمد نبی اور ٹم سائفرٹ نے 16،16 رنز بنائے، جبکہ دیگر بلے باز زیادہ کچھ نہ کر سکے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں لیں، جبکہ شاہین آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں لاہور قلندرز نے ہدف 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عبداللہ شفیق نے صرف 35 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے دھواں دار 65 رنز بنائے۔ فخر زمان بھی اچھے موڈ میں نظر آئے اور 47 رنز اسکور کیے۔ دیگر بلے بازوں میں کوشال پریرا نے 30 اور راجا پکشا نے 23 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فواد علی اور میر حمزہ کو ایک ایک کامیابی ملی۔ اس جیت کے ساتھ ہی لاہور قلندرز اگلے ایلیمنٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائیں گے، جبکہ کراچی کنگز کا سفر یہیں ختم ہو گیا۔ واضح رہے، گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔

ٹیگز: