لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 26 ویں میچ میں کراچی کنگز نے میگا ایونٹ میں لاہور قلندرز کو 22 رنز سے شکست دے کر بالآخر اپنی پہلی جیت حاصل کر لی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتداءسے ہی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 149 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔کپتان بابراعظم 39 رنز کیساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان اور راشد خان نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4,4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی بیٹنگ مایوس کن رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 127 رنز بنا سکی ۔ اس طرح کراچی نے ایونٹ کا اپنا پہلا میچ 22 رنز سے جیت لیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے محمد حفیظ 33 اور ڈیوڈ ویسا 31 رنز بنا کر نمایاں رہے ، جبکہ فخر زمان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان شاہین شاہ آفریدی اور راشد خان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ ہیری بروک 26، کامران غلام 13، عبداللہ شفیق اور فل سالٹ نے 8،8 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کے حمزہ نے 4 جبکہ کرس جارڈن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔