Get Alerts

پنجاب میں آندھی اور بارشوں کا امکان، پی ڈی ایم اے کا نیا الرٹ جاری

پنجاب میں آندھی اور بارشوں کا امکان، پی ڈی ایم اے کا نیا الرٹ جاری

لاہور: پنجاب کے شہری موسم کی اچانک تبدیلی کے لیے تیار رہیں۔ محکمۂ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 23 اور 24 مئی کو پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرد آلود آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق گوجرانوالہ، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، جہلم اور گلیات سمیت شمالی پنجاب کے اضلاع میں شدید ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ادھر لاہور، فیصل آباد، قصور، نارووال، سیالکوٹ، جھنگ، اوکاڑہ اور جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ اس موسمی نظام سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور ہیٹ ویو کی شدت میں وقتی نرمی متوقع ہے، تاہم شہریوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آسمانی بجلی، تیز ہواؤں اور بارش کے دوران غیر محفوظ مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ کھلے آسمان کے نیچے، درختوں یا بجلی کے کھمبوں کے قریب رکنا خطرناک ہو سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھیں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کا بندوبست یقینی بنائیں۔

ٹیگز: