لاہور: پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بارشوں کے ساتھ تیز آندھی اور گرج چمک کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے بعد صوبے بھر میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق، پنجاب کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ ان میں راولپنڈی، مری، گلیات، گوجرانوالہ، جہلم، چکوال اور منڈی بہاؤالدین سمیت کئی علاقے شامل ہیں۔ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں بھی بارشوں کا امکان ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں 26 سے 28 جون کے دوران بارش کی پیشگوئی ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔ ریسکیو 1122، واسا، محکمہ صحت، آبپاشی، مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور دیگر اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا کے مطابق، اس سال مون سون میں معمول سے 25 فیصد زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم میں احتیاط برتیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آندھی یا طوفان کے دوران محفوظ جگہوں پر رہیں۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم کا جائزہ ضرور لیں، کیونکہ ان علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ (پہاڑ کھسکنے) کا خطرہ ہے۔