Get Alerts

مذاکرات کا محور جنگ کا خاتمہ ہے، پاکستان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے: اسماعیل بقائی 

مذاکرات کا محور جنگ کا خاتمہ ہے، پاکستان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے: اسماعیل بقائی 

تہران : ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران امریکہ سفارتی رابطوں پر جاری قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین اختلافات انتہائی گہرے اور نمایاں ہیں، اس لیے اس مقام پر یہ دعویٰ نہیں کیا جا سکتا کہ کوئی معاہدہ قریب ہے۔ تہران میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت جاری تمام تر سفارتی کوششوں اور مذاکرات کا بنیادی محور خطے میں جنگ کا خاتمہ ہے۔

ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ قطر کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اس وقت تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ اہم بات چیت میں مصروف ہے، اور ان پسِ پردہ مذاکرات میں پاکستان بطور ثالث اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے سفارتی عمل کی حساسیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چند دوروں، ہفتوں یا مہینوں کی بات چیت کے بعد یہ کہنا ممکن نہیں کہ ہم کسی حتمی نتیجے پر پہنچ چکے ہیں، تاہم ہم سفارت کاری کے ذریعے کسی مثبت نتیجے پر ضرور پہنچیں گے کیونکہ سفارتی عمل میں وقت لگتا ہے۔

جوہری پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان وزارتِ خارجہ نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ اس مرحلے پر جوہری مسئلے سے متعلق کوئی بات چیت نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ اگر اس وقت انتہائی افزودہ یورینیم کی تفصیلات میں جانے کی کوشش کی گئی تو موجودہ مذاکرات تعطل کا شکار ہو جائیں گے اور فریقین کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکیں گے۔

ٹیگز: