تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ خطے میں امریکی پالیسی یمن کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے، جبکہ یمن تنازع کا منصفانہ اور پائیدار حل ناگزیر ہے۔
اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب اور یمن کے درمیان تنازع کا فوجی حل ممکن نہیں، بلکہ مذاکرات کی بحالی اور پہلے سے طے شدہ روڈ میپ پر عمل درآمد ہی یمنی عوام کو درپیش مشکلات کا مؤثر حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فریقین کی بات چیت کی جانب واپسی نہ صرف یمن کے بحران کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کا بھی مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے۔
ایرانی ترجمان نے ایک بار پھر مؤقف دہرایا کہ خطے میں امریکہ کی پالیسی یمن کے بحران کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے، اس لیے مسئلے کے حل کے لیے سفارتی اور سیاسی کوششوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔