Get Alerts

واٹس ایپ کا پرانا "اسٹیٹس" فیچر نئی شکل میں واپس آ گیا

واٹس ایپ کا پرانا

کیلیفورنیا  : واٹس ایپ نے اپنے پرانے "اسٹیٹس" فیچر کو ایک بار پھر متعارف کرایا ہے، لیکن اس بار اس میں کچھ نئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایک دہائی پہلے واٹس ایپ صارفین اپنے بارے میں سادہ ٹیکسٹ اسٹیٹس شیئر کرتے تھے، جس کے بعد یہ فیچر اباؤٹ سیکشن میں تبدیل ہوگیا تھا۔ اب واٹس ایپ نے اس فیچر کو جدید شکل دے کر دوبارہ متعارف کرایا ہے، تاکہ صارفین کو مختصر اپ ڈیٹس شیئر کرنے کا ایک آسان طریقہ مل سکے۔

کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ اباؤٹ نوٹس کے ذریعے صارفین اپنی دستیابی یا موڈ کے بارے میں مختصر اپ ڈیٹس اپنے دوستوں اور کانٹیکٹس سے شیئر کرسکیں گے۔ یہ اپ ڈیٹس 24 گھنٹے بعد خود بخود ڈیلیٹ ہو جائیں گے، اور اس کا مقصد اباؤٹ سیکشن کو مزید کارآمد بنانا ہے۔

یہ فیچر اس وقت خاص طور پر مفید ثابت ہوگا جب آپ اپنے کانٹیکٹس کو آگاہ کرنا چاہیں گے کہ آپ مصروف ہیں یا چیٹس کے لیے دستیاب نہیں ہیں، بغیر کسی تصویر یا ویڈیو کے۔ اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے صارفین اپنی حالت یا سرگرمی کے بارے میں بات کرسکتے ہیں۔

اباؤٹ نوٹس کی ایک اہم تبدیلی یہ ہے کہ یہ اب چیٹ کے ٹاپ پر نمایاں طور پر پن کیا جائے گا، جس سے یہ آپ کے پروفائل پر بھی نظر آئے گا۔ صارفین کسی فرد کے اباؤٹ پر کلک کرکے ان نوٹس پر ری ایکٹ بھی کرسکیں گے، اور یہ نوٹس 24 گھنٹوں بعد غائب ہو جائیں گے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کوئی نوٹس فوراً غائب ہو جائے، تو سیٹنگز میں جا کر اسے کسی بھی وقت ہٹا سکتے ہیں۔

اس فیچر کی مزید ایک خصوصیت یہ ہے کہ آپ ان نوٹس کو مخصوص کانٹیکٹس تک محدود رکھ سکتے ہیں، یعنی اگر آپ نہیں چاہتے کہ کچھ افراد آپ کے نوٹس دیکھیں، تو آپ انہیں مخصوص کر سکتے ہیں۔

کمپنی نے اس فیچر کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کا عمل شروع کر دیا ہے، اور یہ بہت جلد آپ کے واٹس ایپ میں دستیاب ہوگا۔ اس نئے فیچر کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو سیٹنگز میں جا کر "سیٹ اباؤٹ" پر کلک کرنا ہوگا۔

ٹیگز: