Get Alerts

مریم نواز کی خدمت کی سیاست نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹرز کی پہلی ترجیح بنا دیا ، عظمیٰ بخاری

 مریم نواز کی خدمت کی سیاست نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹرز کی پہلی ترجیح بنا دیا ، عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی خدمت کی سیاست نے شیر کو جیت کا نشان بنا دیا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) آج ووٹرز کی پہلی ترجیح بن چکی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے خالی پولنگ کیمپس کی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پولنگ کیمپس میں جہاں ووٹرز کی گہما گہمی ہے، وہیں تحریک انصاف کے پولنگ کیمپس خالی پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پولنگ کیمپس میں کہیں خالی ٹینٹ ہیں تو کہیں کرسیاں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے پولنگ کیمپس میں ووٹرز کا رش نظر آ رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بڑے مارجن سے جیتیں گے۔ انہوں نے پنجاب میں حکومت کی مختلف کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایک لاکھ 10 ہزار گھر بن رہے ہیں، 3 لاکھ مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، 20 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکیں بنائی گئی ہیں، 18 ہزار کسانوں کو ٹریکٹر دیے جا چکے ہیں اور 25 ہزار الیکٹرک بائیکس نوجوانوں کو مل چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں جدید الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، اور ان تمام ترقیاتی منصوبوں کے باعث لوگ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ لوگوں نے انتشار اور نفرت کی سیاست کو رد کر دیا ہے اور اب وہ صرف خدمت کو اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شکست خوردہ لوگ انتخابات اور نتائج سے پہلے ہی دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں، لیکن عوام باشعور ہو چکے ہیں اور وہ کھوکھلی تقریروں سے متاثر نہیں ہوں گے۔

عظمیٰ بخاری نے آخر میں کہا کہ وہ لوگ جو نو مئی کے دہشت گرد واقعات میں ملوث تھے اور شہداء کے مجسمے جلائے تھے، وہ کس منہ سے ووٹ مانگنے آ رہے ہیں؟ عوام ان کی حقیقت جان چکے ہیں اور اب وہ صرف خدمت کو ترجیح دیں گے۔

ٹیگز: