Get Alerts

پنڈی ٹیسٹ : پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں مشکلات کا شکار، پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے

پنڈی ٹیسٹ : پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں مشکلات کا شکار، پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے

راولپنڈی: جنوبی افریقہ کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار ہے، جہاں اب تک پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔ پنڈی اسٹیڈیم میں آج کھیل کے چوتھے دن کا آغاز ہو چکا ہے، اور پاکستان کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنا پائی ہے۔

آج کھیل کے آغاز میں پاکستان کے بابر اعظم 50 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جس سے ٹیم کو ایک بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔ اس وقت محمد رضوان 16 اور سلمان آغا 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں، جبکہ پاکستان کو 25 رنز کی برتری حاصل ہے۔

گزشتہ روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 71 رنز کے خسارے سے کیا تھا، لیکن اس کے باوجود 4 مستند بیٹسمین امام الحق، شان مسعود، عبداللہ شفیق اور سعود شکیل بالترتیب 9، 0، 6 اور 11 رنز بنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے، جس سے پاکستان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 333 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 404 رنز بنائے اور 71 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

جنوبی افریقہ کے لوئر آرڈر بیٹسمینوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جس کی بدولت ٹیم نے بڑی شراکت داری قائم کی۔ کیشو مہراج اور سینورن متھو سوامی کے درمیان 71 رنز کی شراکت داری ہوئی، جس کے بعد متھو سوامی اور فاسٹ بولر گیسو رابادا نے مل کر 98 رنز جوڑے۔ سوامی اور مارکو جانسن نے 25 رنز کا اضافہ کیا، جبکہ ٹرائسٹن اسٹبس اور ٹونی ڈی زوزی کے درمیان 113 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ جنوبی افریقہ کی آخری تین وکٹوں میں 194 رنز کا اضافہ ہوا، جس کے بعد پاکستان ٹیم کو بڑا ہدف درپیش ہے۔

پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نعمان علی نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی سمیت ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹیگز: