اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (NEPRA) نے سولر صارفین کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آف گرڈ سولر سسٹم استعمال کرنے والوں کے لیے کسی بھی قسم کے لائسنس کی ضرورت نہیں ہے۔
ترجمان نیپرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سولر صارفین کے لیے درج ذیل اہم نکات بیان کیے ہیں۔ نیپرا کے مطابق وہ صارفین جن کا سولر سسٹم نیشنل گرڈ (بجلی کی تاروں) سے منسلک نہیں ہے، انہیں کسی لائسنس کی ضرورت نہیں۔ ایسے صارفین کا نیشنل گرڈ سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
وضاحت کی گئی ہے کہ لائسنس کی شرط صرف ان صارفین کے لیے ہے جو نیٹ میٹرنگ یا نیٹ بلنگ کی سہولت استعمال کر رہے ہیں اور اپنی اضافی بجلی گرڈ کو فروخت کرتے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ 25 کلوواٹ سے زائد بجلی پیدا کرنے والے صارفین کے لیے لائسنس کی شرط پہلے سے موجود تھی، اس میں کوئی نئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
نیپرا نے ان افواہوں کو مسترد کر دیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ گھروں میں سولر لگانے والے ہر شہری کو اب لائسنس لینا پڑے گا۔
ماہرینِ توانائی کا کہنا ہے کہ نیپرا کی اس وضاحت سے ان گھریلو صارفین کو ریلیف ملے گا جو صرف اپنی ضرورت کے لیے سولر استعمال کر رہے ہیں اور نیٹ میٹرنگ کے پیچیدہ عمل میں شامل نہیں ہونا چاہتے۔