نیول چیف کا نواز شریف کو فون، اہلیہ کی خیریت دریافت کی

نیول چیف کا نواز شریف کو فون، اہلیہ کی خیریت دریافت کی

لاہور: ذرائع کے مطابق نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ اس موقع کے دوران نیول چیف نے نواز شریف سے ان کی اہلیہ کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

یاد رہے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نواز شریف کو ٹیلی فون کیا تھا اور ان سے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی اور صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے علاج کی غرض سے لندن روانہ ہونے والی سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کو گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ نواز شریف کے بیٹے حسن نواز نے بھی والدہ کلثوم نواز کی بیماری کی تصدیق کر دی تھی۔

بیگم کلثوم نواز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ہیں یہ نشست 28 جولائی کو سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دینے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کے گلے میں کینسر کی تشخیص کے بعد ان کی بیٹی مریم نواز این اے 120 میں اپنی والدہ کی انتخابی مہم چلائیں گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں