نیویارک : : امریکا کی متعدد ریاستوں میں شدید برفانی طوفان کی وجہ سے ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بعض علاقوں میں 22 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
نیویارک، فلاڈیلفیا، نیوجرسی، پنسلوانیا، رہوڈ آئی لینڈ، کنیکٹی کٹ، میساچوسٹس سمیت 11 ریاستوں میں موسمی وارننگز جاری کر دی گئی ہیں۔ نیویارک اور نیوجرسی میں سفری پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، جس کے باعث شہری اپنے گھروں تک محدود ہو گئے ہیں۔ 40 ملین سے زائد افراد موسمی خطرات کی زد میں ہیں۔
سفری نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، 11 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ متعدد پروازوں کو ری شیڈول کیا گیا ہے۔ جے ایف کے اور نیوارک ایئرپورٹس پر آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔
نیویارک میں 9 سال بعد بلیزرڈ وارننگ نافذ کی گئی ہے اور 60 کی دہائی کے بعد اتنی شدید برفباری نہیں دیکھی گئی۔ کئی شہروں میں سکول بند ہیں اور آن لائن کلاسز کا اعلان کیا گیا ہے۔
سرکاری دفاتر بھی بند ہیں اور ملازمین کو گھروں سے کام کی ہدایت کی گئی ہے۔ تیز ہواؤں اور برفباری کے نتیجے میں 5 لاکھ سے زائد صارفین کی بجلی کی فراہمی متاثر ہو چکی ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ سروس بھی محدود کر دی گئی ہے، جس سے ٹرین اور بسوں کا نظام متاثر ہو گیا ہے۔ موسمی ماہرین نے مزید برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔