Get Alerts

امریکہ میں برفانی طوفان سے  تباہی: 20 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ، سردی سے ہلاکتیں اور بجلی کا بریک ڈاؤن

امریکہ میں برفانی طوفان سے  تباہی: 20 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ، سردی سے ہلاکتیں اور بجلی کا بریک ڈاؤن

نیویارک/واشنگٹن: امریکہ کے وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لینے والے شدید ترین برفانی طوفان نے بڑی تباہی مچادی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 11 افراد ہلاک اور لاکھوں گھر بجلی سے محروم ہوچکے ہیں۔امریکی حکام نے صورتحال کو "انتہائی خطرناک" قرار دیتے ہوئے وفاقی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سمیت 20 ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔
 نیویارک کے میئر کے مطابق شہر میں 5 افراد سڑکوں پر مردہ پائے گئے، جبکہ ٹیکساس اور لوویزیانا میں ہائپوتھرمیا اور دیگر حادثات کے باعث 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔     طوفان کی وجہ سے بجلی کی لائنیں گرنے سے 8 لاکھ 20 ہزار سے زائد گھر اور کاروباری مراکز اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
برف باری اور ژالہ باری نے سفری نظام کو مکمل طور پر روک دیا ہے،  ہفتے سے پیر کے دوران مجموعی طور پر 19 ہزار پروازیں منسوخ کی گئیں، جس سے واشنگٹن اور نیویارک کے ہوائی اڈے ویران ہوگئے۔ ٹیکساس سے نیو انگلینڈ تک شاہراہیں برف کی موٹی تہہ کی وجہ سے بند ہیں، آئیووا میں ایک ہلاکت سڑک پر پھسلن کے باعث پیش آنے والے حادثے میں ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے، جس سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔ ٹیکساس، نارتھ کیرولائنا اور نیویارک کے حکام نے شہریوں کو گھروں کے اندر رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہیں۔

ٹیگز: