Get Alerts

صدرِ پاکستان سے چینی سفیر کی ملاقات، خطے میں امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار

 صدرِ پاکستان سے چینی سفیر کی ملاقات، خطے میں امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار

اسلام آباد :  ایوانِ صدر اسلام آباد میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، ثقافت اور علاقائی روابط کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔

صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے چین کی جانب سے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی حمایت کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی عوام اپنے آہنی بھائی چین کی مستقل معاونت پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

اس موقع پر چینی سفیر نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو ان کی آئندہ سالگرہ کے موقع پر دلی نیک تمناؤں کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ٹیگز: