اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دنیا کے کئی ممالک امن و امان کے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، اور پاکستان نے ہمیشہ عالمی امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بدامنی کی وجہ سے لاکھوں افغان مہاجرین نے پاکستان میں پناہ لی، تاہم عالمی برادری ان مہاجرین کا بوجھ بانٹنے کے اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے زیادہ نشانہ بننے والا ملک ہے، جس نے نیشنل سیکیورٹی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ ان کے مطابق، ان کی وزارتِ عظمیٰ کے دوران سوات، مالاکنڈ اور وزیرستان جیسے حساس علاقوں میں مشاورت سے مؤثر اور شفاف ملٹری آپریشنز کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کارروائیوں کے باعث 25 لاکھ افراد بے گھر ہوئے، لیکن صرف 90 دن میں تمام متاثرین کی دوبارہ آبادکاری ممکن بنائی گئی، جو ایک مثالی عمل تھا۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور اسی سوچ کے تحت انہوں نے ملالہ یوسفزئی کو امن ایوارڈ سے نوازا۔ "پاکستان عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے"