راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ کے پی حکومت کو بجٹ جلدی منظور کرنے کی کیا جلدی تھی، دو دن بھی بانی پی ٹی آئی کا انتظار نہیں کیا گیا۔
انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پولیس ہمیں روکنا چاہے تو روکے، گرفتاری ہو یا ایف آئی آر، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، انہیں صرف عمران خان کا پیغام جیل سے باہر پہنچنے کا خوف ہے۔
علیمہ خان نے بجٹ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ بجٹ میں عمران خان سے کیا چھپایا گیا، اور حیرت ہے کہ کے پی اسمبلی کے اراکین نے اس پر بحث تک نہیں کی۔
دوسری جانب، پولیس نے علیمہ خان اور ان کے ساتھیوں کو جیل کے داخلی دروازے پر روک دیا، لیکن بعد ازاں وہ عمران خان سے ملاقات کے لیے جیل کے اندر داخل ہو گئیں۔