اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، دوطرفہ تعاون اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے امن معاہدے کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا اور کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ایرانی صدر اور ان کے وفد کے دورۂ پاکستان کے دوران پرتپاک استقبال اور مثالی مہمان نوازی پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ میں مشترکہ اعلامیے پر ایرانی ہم منصب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی کوششوں کے فروغ کا ہمیشہ حامی رہا ہے۔
دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سرحدی تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے باہمی تعاون اور مسلسل سفارتی رابطے ناگزیر ہیں۔