کوئٹہ :بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب شرپسند عناصر کی جانب سے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ دھماکے کے فوراً بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور بم ڈسپوزل اسکوڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ریلوے ٹریک پر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں ملک سے بدامنی کے خاتمے کے لیے عوام اور ریاست کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ریلوے حکام کو ٹریک کی سخت نگرانی اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ریلوے ٹریک پر دھماکے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے امن و امان کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ قیادت کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے اور پوری قوم امن دشمنوں کے خلاف یکجا ہے۔