Get Alerts

پشاور: فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں کا خودکش حملہ ناکام ،3دہشتگردہلاک

پشاور: فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں کا خودکش حملہ ناکام ،3دہشتگردہلاک

پشاور: صوبے کے دارالحکومت پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں نے خودکش حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے حملے کو ناکام بنا دیا۔ حملے میں ایف سی کے تین اہلکار شہید ہو گئے، جبکہ ایف سی جوانوں کی فوری جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد بھی ہلاک ہو گئے۔

سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق صبح تقریباً آٹھ بج کر دس منٹ پر تین خودکش حملہ آوروں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز کے گیٹ پر دھماکہ کیا، جس کے نتیجے میں گیٹ پر تعینات تین ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔ حملہ آوروں نے دھماکے کا فائدہ اٹھا کر ہیڈکوارٹر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، مگر فوراً ردعمل دیتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے دونوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔

ذرائع  سکیورٹی فورسز حکام کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق افغانستان سے بتایا جارہا ہے۔شہداء  میں   حوالدار عالمزیب ۔ پلاٹون 277،. سپاہی ریاست۔پلاٹون 478،. سپاہی الطاف ۔ پلاٹون 277 شامل ہیں۔ زخمی اہلکار (LRH)لانس نائیک زیک ، پلاٹون 277 (MI روم)،سپاہی ارشد ، BDS ،سپاہی عطاء اللہ ۔ پلاٹون 147،سپاہی عرفان ۔ پلاٹون 147 شامل ہیں۔

ایف سی کے جوانوں نے انتہائی محتاط طریقے سے علاقے کی مکمل کلیئرنس کی اور کسی بھی دہشت گرد کو مزید اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دھماکے میں زخمی ہونے والے 9 افراد کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) منتقل کر دیا، جن میں دو ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دہشت گردوں کے حملے میں سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اور چوکس تردیت نے ایک بڑے سانحے کو روک لیا۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تصدیق کی کہ دہشت گردوں نے دو خودکش دھماکے کیے، ایک دھماکا صدر دروازے پر ہوا اور دوسرا موٹرسائیکل سٹینڈ کے قریب۔ اس کے بعد دو حملہ آوروں نے فائرنگ کے تبادلے میں اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

پشاور میں سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پشاور کے ڈی سی ثناء اللہ نے تمام ہسپتالوں کو الرٹ کر دیا ہے، اور ریسکیو ترجمان کے مطابق ایمبولینسز اور ریسکیو ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں۔

پشاور اور خیبرپختونخواہ کی سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے، سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ سکیورٹی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ حملے میں تین دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں اور علاقے کی کلیئرنس کی جا رہی ہے۔

پشاور میں اس وقت سکیورٹی فورسز نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا پتہ چلایا جا سکے۔

  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور بہادری پر مبنی کارروائی کے باعث ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ وزیراعظم نے زخمی اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

وزیراعظم نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں ملوث عناصر کی فوری شناخت کی جائے اور انہیں قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور امن پر حملہ کرنے والے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، اور ریاست ان کے ناپاک منصوبوں کو ہر صورت ناکام بنائے گی۔

ٹیگز: