پشاور: فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں حملے کے تفصیلات شامل ہیں ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ایک خودکش بمبار نے چادر اوڑھ کر ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی گیٹ تک پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑایا، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر شہید ہو گئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے فوری بعد دو حملہ آور سائیڈ گیٹ سے ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخل ہوئے، جن کے پاس رائفلز اور ہینڈ گرینیڈ بھی تھے۔ دہشت گردوں نے اندر داخل ہونے کے بعد ایف سی ہیڈکوارٹر کے موٹر سائیکل اسٹینڈ پر فائرنگ کی، تاہم فورسز کی جوابی کارروائی میں دونوں حملہ آور مارے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایف سی ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہونے والے دہشتگردوں کو مرکزی گیٹ کے 30 سے 40 میٹر کے اندر ہی مار دیا گیا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں کا مقصد ایف سی ہیڈکوارٹر میں موجود اہلکاروں کو یرغمال بنانا تھا، کیونکہ یہ ہیڈکوارٹر اعلیٰ افسران اور بڑی تعداد میں اہلکاروں کی موجودگی کے حوالے سے اہم ہے۔ حملے کے وقت ایف سی ہیڈکوارٹر میں پریڈ بھی جاری تھی، لیکن فورسز کی بروقت کارروائی نے حملے کو روک لیا اور ایف سی ہیڈکوارٹر کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا گیا۔