لاہور : محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں دسمبر کے مہینے میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا، جو کہ وقفے وقفے سے پورے مہینے جاری رہنے کی توقع ہے۔
یہ بارشیں بلوچستان کے بیشتر اضلاع بشمول ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ میں خشک سالی کے خاتمے کی وجہ بن سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، بعض علاقوں میں موسلا دھار بارشیں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں، جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق اس سال شمال مغربی ہوائیں معمول سے زیادہ فعال ہیں، اور عرب سمندر سے آنے والی نمی بلوچستان کی جانب رخ کر رہی ہے، جس کی وجہ سے بارشوں کا یہ سلسلہ طویل ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کا امکان ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کی توقع بھی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا، تاہم پنجاب کے چند میدانی اضلاع میں ہلکی دھند چھائی رہی۔