اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے ججز کے تبادلے کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز کی درخواست خارج کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے استدعا کی تھی کہ ان کی انٹرا کورٹ اپیل کو آئینی عدالت میں منتقل کیا جائے، تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی۔
فیڈرل آئینی عدالت نے قرار دیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی اپیل عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کی جاتی ہے۔ یہ کیس دیگر ہائی کورٹس کے تین ججز کے وفاقی دارالحکومت میں تبادلے سے متعلق تھا، جس پر جون میں سپریم کورٹ نے تبادلہ غیر آئینی قرار دینے سے انکار کیا تھا۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے واضح کیا کہ عدالت کسی شخص سے ملاقات یا ہدایات حاصل کرنے کے لیے آرڈر جاری نہیں کر سکتی اور رجوع صرف اسی فورم پر کیا جا سکتا ہے جہاں سزا ہوئی۔
اسی طرح لاہور ہائی کورٹ بار، کراچی بار ایسوسی ایشن، بانی تحریک انصاف اور دیگر کی انٹرا کورٹ اپیلیں بھی عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی گئیں، اور سپریم کورٹ کا فیصلہ برقرار رہا۔