کیلیفورنیا : ٹیکنالوجی کی دنیا میں میٹا نے فیس بک ڈیٹنگ سروس میں ایک نئے AI اسسٹنٹ کو شامل کر کے ڈیٹنگ کے تجربے کو مزید آسان اور دلچسپ بنانے کی کوشش کی ہے۔ یہ مصنوعی ذہانت پر مبنی اسسٹنٹ صارفین کی پروفائل بہتر بنانے اور ان کی پسند و دلچسپی کے مطابق بہترین ساتھی تلاش کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
فیس بک ڈیٹنگ کے نئے فیچر کی مدد سے صارفین اب AI سے اپنی ترجیحات کے مطابق ساتھی تلاش کرنے کی درخواست کر سکتے ہیں، جیسے کہ ٹیکنالوجی میں دلچسپی رکھنے والی لڑکی کا انتخاب۔ اس کے علاوہ، 'میٹ کیوٹ' نامی نیا فیچر بھی متعارف کروایا گیا ہے، جو ہر ہفتے صارفین کو AI کے الگورتھم کی مدد سے ایک سرپرائز میچ فراہم کرے گا، تاکہ ڈیٹنگ ایپس کے استعمال سے پیدا ہونے والی تھکن اور مشکل سے بچا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق، فیس بک ڈیٹنگ میں 18 سے 29 سال کی عمر کے صارفین کے درمیان ساتھی تلاش کرنے کی شرح میں پچھلے سال کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور ہر ماہ ہزاروں نوجوان اپنی پروفائلز فیس بک ڈیٹنگ پر بناتے ہیں۔
اگرچہ فیس بک ڈیٹنگ کی مقبولیت بڑھ رہی ہے، لیکن یہ اب بھی ٹنڈر اور ہنج جیسی معروف ڈیٹنگ ایپس کے مقابلے میں پیچھے ہے، جہاں ٹنڈر کے روزانہ 5 کروڑ اور ہنج کے 1 کروڑ سے زائد فعال صارفین موجود ہیں۔
میٹا کا نیا AI اسسٹنٹ اور 'میٹ کیوٹ' فیچر صارفین کو زیادہ موثر اور خوشگوار ڈیٹنگ کا تجربہ فراہم کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔