لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 رنز سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 142 رنز بنائے اور کراچی کو جیت کے لیے 143 رنز کا ہدف دیا۔ کراچی کنگز کی ٹیم آخری اوور تک مقابلہ کرتی رہی مگر 138 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
کراچی کی جانب سے ٹم سائیفرٹ نے 47 اور جیمز ونس نے 30 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں، تاہم دیگر بلے باز دباؤ میں آکر اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے۔
کوئٹہ کے بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ محمد عامر، خرم شہزاد اور محمد وسیم جونیئر نے دو، دو وکٹیں حاصل کر کے کراچی کی پیش قدمی کو روک دیا۔
کوئٹہ کی اس فتح کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر ان کی پوزیشن بہتر ہو گئی ہے جبکہ کراچی کنگز کو شکست کے بعد اگلے میچز میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔