اسلام آباد:پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی بصیرت اور مؤثر خارجہ پالیسی کے نتیجے میں عالمی سطح پر ملک کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ معرکہ حق کی عظیم فتح کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر ایک ممتاز اور بااثر مقام حاصل کر لیا ہے، جسے عالمی طاقتوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
پاکستانی قیادت نے اپنی متحرک سفارتی مہم کے دوران امریکا، چین، سعودی عرب، ترکیہ، روس اور ایران سمیت متعدد ممالک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینا اور عالمی و علاقائی معاملات پر پاکستان کے موقف کو واضح کرنا تھا، جس میں بھرپور کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی قیادت کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں "انتہائی مضبوط، غیر معمولی اور شاندار قیادت" قرار دیا ہے۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ تعریفی کلمات پاکستان کی کامیاب سفارتکاری اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہیں۔
امریکا سمیت دنیا بھر کے ممالک نے انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کی بے مثال قربانیوں اور انتھک کوششوں کو تسلیم کیا ہے۔ عالمی برادری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے اور عالمی امن کے قیام کے لیے جو کردار ادا کیا ہے، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق سیاسی اور عسکری قیادت کی یکسوئی اور دور اندیشی نے پاکستان کو ایک نئے اور مستحکم رخ پر ڈال دیا ہے۔ آج پاکستان کا عالمی وقار نہ صرف بلند ہوا ہے بلکہ دنیا کے اہم فیصلے اب پاکستان کی مشاورت اور کردار کے بغیر ادھورے سمجھے جاتے ہیں۔