Get Alerts

صدر ٹرمپ کا پاکستانی قیادت کو خراجِ تحسین، ایران کی نئی تجاویز پر عدم اطمینان کا اظہار

صدر ٹرمپ کا پاکستانی قیادت کو خراجِ تحسین، ایران کی نئی تجاویز پر عدم اطمینان کا اظہار

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستانی قیادت کی بھرپور تعریف کی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ایران کی جانب سے موصول ہونے والی حالیہ تجاویز کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تہران کے موجودہ رویے سے مطمئن نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت اس وقت شدید کنفیوژن اور تقسیم کا شکار ہے، جہاں مختلف رہنما متضاد باتیں کر رہے ہیں۔ صدر کا کہنا تھا ایران ہم سے ڈیل تو کرنا چاہتا ہے، لیکن اسے مناسب اور سنجیدہ تجاویز پیش کرنی ہوں گی۔ ہم اپنی حتمی شرائط دے چکے ہیں۔
ایرانی دفاعی صلاحیتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ تباہ ہو چکی ہے اور آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی صورت ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، کیونکہ ایٹمی لیس ایران دنیا کے امن کے لیے ایک ہولناک خطرہ ثابت ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے ایک بڑی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی ایران کے ساتھ جاری تنازع اور جنگ کا خاتمہ ہوگا، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی آئے گی۔
یورپی یونین کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ یورپی ممالک معاہدے کا احترام نہیں کر رہے۔ تاہم، انہوں نے اشارہ دیا کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ایران کے حوالے سے کوئی بڑی اور اہم پیشرفت متوقع ہے جو خطے کی صورتحال کو تبدیل کر سکتی ہے۔

ٹیگز: