اسلام آباد : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر سید عباس عراقچی نے اہم ملاقات کی ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والی اس اعلیٰ سطح کی بیٹھک میں دونوں جانب کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
بیوروچیف نیونیوز اسلام آباد جاوید بلوچ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی امور اور خاص طور پر خطے کی موجودہ صورتحال پر گہری مشاورت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
پاک، ایران سرحدوں پر سکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال اور اس کے پاکستان و ایران پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے ایرانی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات خطے کی ترقی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔
یہ ملاقات ایک ایسے اہم وقت پر ہوئی ہے جب خطے کو مختلف دفاعی اور سفارتی چیلنجز کا سامنا ہے، اور اس دورے سے دونوں برادر ممالک کے مابین اعتماد سازی میں مزید اضافہ ہوگا۔