سروسز اور جناح ہسپتال میں جدید ایمرجنسی ٹاور تعمیر کرنے کا فیصلہ  

سروسز اور جناح ہسپتال میں جدید ایمرجنسی ٹاور تعمیر کرنے کا فیصلہ  
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور کے سروسز اور جناح ہسپتال میں جدید ایمرجنسی ٹاورز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منصوبے کی منظور ی دیدی دیدی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دونوں منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمرجنسی ٹاورز کے قیام سے مریضوں کو صحت کی معیاری سہولت فراہم ہوسکے گی۔ یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام سے شہریوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔

عثمان بزدار نے کہا دونوں منصوبوں کو جلد سے جلد حتمی شکل دیتے ہوئے متعلقہ امور فی الفور نمٹائے جائیں۔ انہوں نے منصوبوں کے حوالے سے ٹائم لائن طے کرکے مزید اقدامات کرنے کی بھی ہدایات کیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سروسز ہسپتال اور جناح ہسپتال کے نئے ایمرجنسی ٹاور عالمی معیار کے مطابق ہونے چاہیں۔ یہ دونوں منصوبے کم سے کم مدت میں مکمل کئے جائیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں پر بھی کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا انقلابی اقدام ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں ہیلتھ کیئر کے حوالے سے ایسا بہترین پروگرام کسی حکومت نے نہیں دیا-

ان کا کہنا تھا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام سے شہریوں کو معیاری علاج معالجہ کی سہولتیں بالکل مفت میسر آئیں گی۔ ماضی کی حکومت نے ہیلتھ کیئر کے حوالے سے دور دراز علاقوں کو یکسر نظر انداز کیا- ہماری حکومت پسماندہ علاقوں میں جدید ہسپتال قائم کررہی ہے، عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے۔