Get Alerts

پنجاب کے مزید 8 اضلاع میں سکول میل پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

پنجاب کے مزید 8 اضلاع میں سکول میل پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور : محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے صوبے کے مزید 8 اضلاع میں سکول میل پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد طلبہ کو غذائیت بخش خوراک کی فراہمی اور اسکول میں انرولمنٹ بڑھانا ہے۔

محکمہ سکولز ایجوکیشن کے ترجمان کے مطابق سکول میل پروگرام کے تحت بچوں کو روزانہ دودھ کے ساتھ بسکٹ فراہم کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے سکول میل پروگرام کی نگرانی کے لیے اسٹیرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج طلب کر لیا ہے، جس میں میل پیکس کے ڈیزائن، برینڈنگ، بسکٹ ریپرز کی کلیکشن سمیت پروگرام کی لانچنگ اور مانیٹرنگ سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔

پروگرام کی شفاف نگرانی کے لیے تھرڈ پارٹی کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ اس منصوبے کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

محکمہ کے مطابق سکول میل پروگرام اب جن اضلاع میں شروع کیا جا رہا ہے ان میں ڈیرہ غازی خان، لیہ، راجن پور، میانوالی، مظفرگڑھ، بھکر، بہاولنگر اور رحیم یار خان شامل ہیں۔

حکام کے مطابق رواں مالی سال کے دوران سکول میل پروگرام کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس پروگرام کے باعث اب تک 55 ہزار سے زائد نئے طلبہ سرکاری سکولوں میں داخل ہو چکے ہیں، جو اس منصوبے کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔

ٹیگز: