کیلیفورنیا : ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون سے متعلق مزید معلومات سامنے آگئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی رواں سال ستمبر میں اس نئی ڈیوائس کو متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جسے بعض ذرائع آئی فون الٹرا بھی قرار دے رہے ہیں۔
بلومبرگ کے ٹیکنالوجی صحافی مارک گورمین کے مطابق ابتدائی ٹیسٹنگ میں شامل افراد نے ڈیوائس کے بارے میں مثبت رائے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فون فولڈ ہونے کے بعد نسبتاً کم جگہ گھیرتا ہے اور جیب میں آسانی سے رکھا جاسکتا ہے، جبکہ اس کا ہِنج بھی مضبوط محسوس ہوتا ہے۔
فولڈ ایبل آئی فون کی بڑی اندرونی سکرین کے لیے ایپل نے سافٹ ویئر میں بھی خصوصی تبدیلیاں کی ہیں۔ بڑی ڈسپلے پر ایپس اور دیگر فیچرز کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے آئی پیڈ سے متاثر بعض ڈیزائن عناصر شامل کیے گئے ہیں۔
تاہم فولڈنگ ڈسپلے پر بننے والی کریز اب بھی ایک اہم چیلنج سمجھی جارہی ہے۔ فولڈ ایبل فونز میں سکرین کے درمیان نمودار ہونے والی یہ شکن صارفین کے تجربے پر اثرانداز ہوسکتی ہے، اس لیے ایپل کی جانب سے اس مسئلے کے حل پر خاص توجہ متوقع ہے۔
اگر یہ رپورٹس درست ثابت ہوتی ہیں تو ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون کمپنی کو فولڈ ایبل اسمارٹ فون مارکیٹ میں سام سنگ اور دیگر بڑے حریفوں کے سامنے براہِ راست لے آئے گا۔