Get Alerts

سعودی کاروباری وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

سعودی کاروباری وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وفد نے پاکستان میں زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، رئیل اسٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سے حکومت اور کاروبار سے کاروبار تعاون کو فروغ دینے کے لیے یہ بہترین وقت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی وفد کا دورہ مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار کرے گا۔

شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط مزید مضبوط بنانے میں سعودی حکومت اور کاروباری برادری کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔

سعودی کاروباری وفد دورہ پاکستان کے دوران اعلیٰ حکومتی نمائندوں اور نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

ٹیگز: