اسلام آباد : ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، تاہم کئی مقامات پر شہری مشکلات کا شکار بھی ہوئے۔
راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں، خصوصاً مظفرآباد اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش جاری ہے، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں مون سون سیزن میں معمول سے 25 فیصد زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے، خاص طور پر پنجاب میں بارشوں کی شدت زیادہ ہو گی، جس کے باعث اربن فلڈنگ یعنی شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ نشیبی علاقوں سے دور رہیں، نالوں کے قریب احتیاط کریں اور موسم سے متعلق الرٹس پر توجہ دیں۔