اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام، تنخواہ دار طبقے اور کاروباری شعبے کے لیے ریلیف اقدامات شامل کرنے پر حکومتی معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر متعلقہ حکام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اسلام آباد: 24 جون 2026.
— Prime Minister's Office (@PakPMO) June 24, 2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام اور کاروباری برادری کے لیے ریلیف کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ مالی سال کا بجٹ تشکیل دینے پر حکومتی ٹیم بالخصوص وزارت خزانہ کی ٹیم کی پزیرائی کی.
وزیراعظم نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد… pic.twitter.com/Fzo0gDT9eO
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے اپنے وعدوں کے مطابق بجٹ میں مختلف طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی لائی جا سکے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معاشی بہتری کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر معاشی ٹیم نے وزیراعظم کی جانب سے اظہارِ اعتماد اور حوصلہ افزائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ محدود مالی گنجائش اور مختلف معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔
معاشی ٹیم کے ارکان نے بجٹ سازی کے عمل میں وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، کاروباری نمائندوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کو یقینی بنایا تاکہ بجٹ کو زیادہ متوازن اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر بجٹ کی تیاری کے دوران متعدد مشاورتی اجلاس منعقد کیے گئے، جن میں موصول ہونے والی تجاویز اور سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران معاشی ٹیم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنانے، ترقی کی رفتار تیز کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کے اہداف کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔