لاہور / لندن: قومی ایئر لائن (PIA) نے برطانیہ کے دارالحکومت لندن سے صوبائی دارالحکومت لاہور کے لیے براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ اہم پیش رفت لندن ,لاہور روٹ پر چھ سال سے عائد پابندی کے خاتمے کے بعد سامنے آئی ہے، جس سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پی آئی اے حکام کے مطابق، لندن سے لاہور کے لیے پروازوں کا آغاز ایک طویل قانونی اور تکنیکی عمل کے بعد ممکن ہوا ہے۔ یاد رہے کہ برطانوی حکام کی جانب سے عائد پابندی کے باعث گزشتہ 6 سال سے یہ براہِ راست سروس معطل تھی۔ پروازوں کی بحالی کے پہلے مرحلے میں پی آئی اے نے برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے اسلام آباد کے لیے اپنی کارروائیاں شروع کی تھیں۔
دوسرے مرحلے میں اب لندن سے لاہور کے اہم ترین روٹ کو فعال کیا جا رہا ہے۔لندن اور لاہور کے درمیان براہِ راست پروازوں کی عدم موجودگی کے باعث مسافروں کو کنیکٹنگ فلائٹس (دوسرے ممالک کے ذریعے) کا سہارا لینا پڑتا تھا، جو نہ صرف مہنگی تھیں بلکہ وقت طلب بھی تھیں۔ پی آئی اے کی اس سروس سے مسافروں کے وقت اور پیسے کی بچت ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور عوامی روابط میں اضافہ ہوگا۔ قومی ایئر لائن کے ریونیو میں خاطر خواہ بہتری آنے کی توقع ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ عالمی معیار کے مطابق حفاظتی اور تکنیکی تقاضوں کو پورا کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کی پابندیوں سے بچا جا سکے۔ لندن سے لاہور کی پہلی پرواز کے شیڈول کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، جس کے لیے بکنگ کا عمل بھی جلد شروع ہونے والا ہے۔