کیلیفورنیا: گوگل میپس نہ صرف نئے ریسٹورینٹس، دلچسپ مقامات یا شاپنگ کے لیے بہترین سروس ہے بلکہ اب اسے اپنے قریب موجود پیٹرول پمپ ڈھونڈنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ فیچر خاص طور پر اس وقت کارآمد ثابت ہوتا ہے جب سفر کے دوران گاڑی یا موٹرسائیکل میں پیٹرول ختم ہونے کو ہو اور آپ کو معلوم نہ ہو کہ قریب ترین پمپ کہاں ہے۔
گوگل میپس کے اس فیچر کو استعمال کرنا نہایت آسان ہے۔ اینڈرائیڈ یا آئی او ایس ڈیوائس میں گوگل میپس کھولیں اور سرچ بار کے نیچے موجود آپشنز جیسے ہوم، ریسٹورینٹس وغیرہ کو سوائپ کر کے گیس کے آپشن پر کلک کریں۔
اس کے بعد آپ کے علاقے میں موجود تمام پیٹرول پمپس سرخ آئیکون کے ساتھ ظاہر ہو جائیں گے۔ یہاں تک کہ آپ یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ ہر پمپ دن میں کتنے گھنٹے کھلا رہتا ہے یا اس کے بارے میں دیگر تفصیلات جان سکتے ہیں۔
کسی بھی آئیکون پر کلک کر کے آپ پمپ کی مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں یا معلوم کر سکتے ہیں کہ کس راستے سے جا کر وہاں پہنچا جا سکتا ہے۔
کچھ ممالک میں تو یہاں پیٹرول کی قیمت بھی دکھائی جاتی ہے، لیکن پاکستان میں یہ فیچر ابھی دستیاب نہیں۔
یہ ایک انتہائی مفید اور آسان ٹول ہے جس سے زیادہ تر صارفین ابھی تک واقف نہیں ہیں۔