Get Alerts

پی ایس ایل 10فائنل: لاہور قلندرز نے سنسنی خیز فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا

 پی ایس ایل 10فائنل: لاہور قلندرز نے سنسنی خیز فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا

لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ قلندرز کی تیسری ٹائٹل فتح ہے، جس کے ساتھ ہی وہ پی ایس ایل کی سب سے کامیاب ٹیموں میں شامل ہو گئے ہیں۔

فائنل میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ 20 اوورز میں کوئٹہ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز اسکور کیے۔

کوئٹہ کی جانب سے نوجوان بلے باز حسن نواز نے 43 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ اویشکا فرنینڈو نے 29، دنیش چندیمیل نے 22 اور فہیم اشرف نے صرف 8 گیندوں پر 28 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعی اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سلمان مرزا اور حارث رؤف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں لاہور قلندرز نے ہدف کا تعاقب پُراعتماد انداز میں کیا اور آخری اوور میں میچ اپنے نام کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 10 کا تاج اپنے سر سجا لیا۔

یہ میچ پی ایس ایل 10 میں دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹاکرا تھا۔ پہلا میچ لاہور قلندرز نے 79 رنز سے جیتا تھا، جبکہ دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔ اب تک لیگ کی تاریخ میں دونوں ٹیموں کے درمیان 19 مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں دونوں نے 9، 9 فتوحات حاصل کیں، جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

فخر زمان لاہور قلندرز کے لیے 442 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے کامیاب ترین بلے باز رہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سابق کپتان اور موجودہ ٹیم ڈائریکٹر سرفراز احمد نے لاہور کے خلاف مجموعی طور پر 357 رنز اسکور کیے۔

لاہور قلندرز اس سے قبل بھی دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکے ہیں اور اس فتح کے بعد وہ تیسری بار چیمپئن بن گئے ہیں، جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز صرف ایک بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ٹیگز: