Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ، کھلاڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ، کھلاڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ تقریب میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، آفیشلز اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور خوشگوار انداز میں گفتگو کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان مختلف سطحوں پر شاندار تعلقات قائم ہیں، اور کرکٹ ان میں سے ایک مضبوط تعلق کا ذریعہ ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ جاری کرکٹ سیریز دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں کے فروغ، باہمی احترام اور دوستی کی علامت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے دنیا کے عظیم کرکٹرز پیدا کیے ہیں، جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی اپنے عمدہ کھیل سے ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان ٹیم ماضی کی طرح اس بار بھی شاندار کارکردگی پیش کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ عوام کو آپس میں جوڑنے اور امن و بھائی چارے کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

ٹیگز: