Get Alerts

ایشیا کپ 2025:پاکستان نے بنگلادیش کے لیے 136 رنز کا ہدف مقرر کر دیا

ایشیا کپ 2025:پاکستان نے بنگلادیش کے لیے 136 رنز کا ہدف مقرر کر دیا

دبئی:ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 4 مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 136 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ محمد حارث 31 اور محمد نواز 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

دبئی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور سری لنکا کے خلاف میچ کھیلنے والے تمام پلیئرز کو ہی میدان میں اتارا گیا۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور ٹاپ آرڈر ناکام رہا، جس کی وجہ سے ایک کے بعد ایک بیٹر آؤٹ ہوتے گئے۔ 49 رنز کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان 4 رنز بنا کر اور صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ صائم ایوب ایشیا کپ 2025 میں چوتھی بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ فخر زمان کی صورت میں گری، جو 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ حسین طلعت صرف 3 رنز بنا سکے۔ کپتان سلمان علی آغا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد شاہین آفریدی 19، محمد حارث 31 اور محمد نواز 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ بھارت پہلے ہی ایشیا کپ کے فائنل میں کوالیفائی کر چکا ہے۔ آج جیتنے والی ٹیم اتوار کو بھارت کے خلاف فائنل میں پیش ہوگی۔ سپر فور مرحلے کا آخری میچ کل بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ٹیگز: