افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کا مثبت کردار رہا ہے، شاہ محمود قریشی

افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کا مثبت کردار رہا ہے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کا مثبت کردار رہا ہے، آگے بڑھنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں ، پر امید ہوں انشاءاللہ مستقبل میں راستہ نکل آئیگا ، طالبان کے مطابق دو حہ معاہدہ پر عمل ہو نا چاہیے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ طالبان لیڈرشپ کے ساتھ دو گھنٹے کی طویل نشست ہوئی،طالبان کے وفد کے ساتھ تیسری نشست ہوئی ہے،اس سے قبل اکتوبر 2019 میں وزارت خارجہ اور فروری 2020 میں دوحہ میں ملاقات ہوئی،طالبان وفد کے سامنے پاکستان کا موقف پیش کیا،طالبان کی قیادت سمجھتی ہے افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کا مثبت کردار رہا ہے،افغان طالبان نے پاکستان کے کردار پر شکریہ ادا کیا،آگے بڑھنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پرامید ہوں انشااللہ مستقبل میں راستہ نکل سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ طالبان سمجھتے ہیں دوحہ میں امن کا جو معاہدہ ہوا اس پر عمل ہونا چاہیے،طالبان وفد کا کہنا ہے کچھ مشکلات تھیں جن کا بات چیت کے ذریعے راستہ نکل سکتا ہے،میری دعا ہے اللہ ہماری مدد فرمائے اور منزل تک پہنچائے،ہم افغانستان میں امن اور بہتری دیکھنا چاہتے ہیں۔

بعد ازاں افغان طالبان کا نمائندہ وفد وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد وزارت خارجہ سے روانہ ہوا تو وزیر خارجہ نے وفد کو رخصت کیا ،افغان طالبان کے وفد نے افغان امن عمل میں پاکستان کی طرف سے کی جانے والی مسلسل مخلصانہ کوششوں پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔