پاکستان میں نواز شریف کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا, نواز لیگ ماضی کا قصہ بن چکی, چودھری محمد یاسین

پاکستان میں نواز شریف کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا, نواز لیگ ماضی کا قصہ بن چکی, چودھری محمد یاسین

سٹوک آن ٹرینٹ: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یاسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں نواز شریف کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا, نواز لیگ ماضی کا قصہ بن چکی،مستقبل پیپلزپارٹی کا ہے,  پیپلز پارٹی کا مشن ملک سے دہشت گردی, بیروزگاری, جہالت اور غربت کا خاتمہ ہے، بلاول بھٹو  زرداری آنے والے روشن کل کی نوید ہے۔

 اپنی رہائش گاہ پر سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوٹلی چودھری الیاس،سابق کوآرڈینیٹر وزیر اعظم چودھری قیوم ،سماجی شخصیت جاوید احمد کی قیادت میں ملنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری میدان میں اتر چکے ہیں۔ہم سب ملکر بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں گے اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے خوابوں کی تعبیر پوری کریں گے،  پیپلزپارٹی جب بھی برسراقتدار آتی ہے غریبوں کو انکا حق انکی دہلیز پر ملتا ہے، مسلم لیگ ن نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، پیٹرول پر چالیس روپے فی لیٹر ٹیکس لگاکر مہنگائی کا طوفان لایا جسکی وجہ سے غریبوں کا جینا دوبھر کر دیا گیا ہے اور  اس پیسے کو  اپنی جیبوں میں ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کے ایوانوں میں بھٹو کے نعرے گونجیں گے، وفاق اور چاروں صوبوں میں پیپلزپارٹی کی حکومتیں قائم ہونگی، غریبوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہونگے، کسانوں کو انکی فصلوں کا معاوضہ انکی دہلیز پر ملے گا۔