Get Alerts

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

لاہور : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اس دوران بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے علاقے کرک میں بارش سے مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جبکہ آزاد کشمیر کی وادی گریس میں برفانی تودے کی زد میں آ کر تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مزید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جیسے دیر، چترال، کوہستان، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، پشاور، بونیر، ایبٹ آباد، صوابی، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، چارسدہ، بنوں، کوہاٹ، کرک، وزیرستان، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ شام اور رات میں بالائی اضلاع میں تیز بارش اور شدید برفباری ہونے کی توقع ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جیسے راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، چکوال، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، ڈی جی خان، لیہ اور بھکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، ژوب، بارکھان، خضدار اور موسیٰ خیل میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ مزید جاری رہنے کاامکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ برفباری کی وجہ سے سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا خدشہ ہے۔ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، کشمیر، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیگز: