راولپنڈی: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میرپور کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور آزادکشمیر انتخابات میں کامیابی مسلم لیگ ن کی ہوگی۔
راولپنڈی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین پنجاب کی سڑکوں اور اسپتالوں پر تنقید کرتے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ اپنے صوبوں میں مریم نواز کے ترقیاتی منصوبے دکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لیے نیت اور جذبے کی ضرورت ہوتی ہے، جو مسلم لیگ ن کی قیادت کے پاس موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کل کچھ لوگ کشمیر کے جعلی بیٹے بنے ہوئے ہیں، جبکہ نواز شریف اور مریم نواز کشمیری عوام کے حقیقی خیرخواہ ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسی کو پنجاب کی بیٹی کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس موقع پر وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے، جبکہ آزادکشمیر میں خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔