Get Alerts

مون سون بارشوں کا آغاز ، پنجاب سمیت مختلف علاقوں کا موسم خوشگوار

مون سون بارشوں کا آغاز ، پنجاب سمیت مختلف علاقوں کا موسم خوشگوار

لاہور: مون سون کی بارشوں نے لاہور اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسم کو دلفریب بنا دیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بادلوں نے قدرتی منظر تخلیق کیا جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ ٹاؤن شپ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، کاہنہ، جلو موڑ اور تاج باغ سمیت دیگر علاقوں میں بارش نے شہر کی رونق کو دوبالا کر دیا۔

تاہم، بارش کے باعث لاہور میں درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارشوں نے موسم کو خوشگوار بنایا۔ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، میانوالی، فیصل آباد، سانگلہ ہل، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خوشاب سمیت دیگر شہروں میں بھی بارشوں نے رنگ جمایا۔ بارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جس سے مقامی آبادی کو پریشانی کا سامنا رہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر واسا نے تمام فیلڈ ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے۔ ایم ڈی واسا نے ہدایت کی ہے کہ تمام ٹیمیں فوری طور پر بارش کے اثرات سے نمٹنے کے لیے سرگرم رہیں۔

مری، آزاد کشمیر، مالم جبہ اور کالام سمیت بالائی علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ایبٹ آباد میں بارش کے بعد ندیوں میں طغیانی آ گئی، جس سے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا۔ مرکزی شاہراہیں بند ہونے سے کئی سیاح پھنس گئے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹے کے دوران مزید طوفان اور بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیگز: