لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں خصوصاً سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں 189 شہروں کی تعمیر و ترقی کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کے دوران سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور روڈز و بلڈنگز منصوبوں پر پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ وہ سڑکیں جن پر گزشتہ 30 برس سے کوئی کام نہیں ہوا، اب ان کی تعمیر شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام اور عوامی نمائندے سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے خوش ہیں، اور کئی دہائیوں بعد اس اہم شعبے پر توجہ دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صرف سڑکیں نہیں بن رہیں بلکہ ان کے معیار کی بھی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ پائیدار اور معیاری انفرااسٹرکچر کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے صوبائی وزیر صہیب بھرت اور سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو کی ٹیم کو شاندار کارکردگی پر سراہا اور بتایا کہ اب تک 12 ہزار کلومیٹر طویل 1214 سڑکوں کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے۔
اجلاس میں روایتی ٹھیکیداری نظام کے بجائے ڈیجیٹل ٹال سسٹم متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ علاوہ ازیں، ملتان-وہاڑی ایڈیشنل کیرج وے، فیصل آباد-چنیوٹ روڈ، لاہور، لیہ، بھکر، ایم تھری اور ایم فور ایکسپریس وے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام جاری سڑکوں کے منصوبے رواں سال کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔