اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے کہا ہے کہ منشیات سے پاک معاشرہ نئی نسل کا بنیادی حق ہے، اور ہم اس حق کو ان تک پہنچانے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ منشیات کا بڑھتا ہوا مسئلہ پوری دنیا کے لیے چیلنج بن چکا ہے، اور اقوام عالم کو مل کر اس خطرے کو روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ پاکستان اس عالمی جنگ میں پوری قوت کے ساتھ کھڑا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے نیشنل اینٹی نارکوٹکس پالیسی کے تحت منشیات کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں، اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے ان افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اس جنگ میں اپنی جانیں قربان کیں اور ان شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم ان شہداء کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے منشیات کی لعنت کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، اور ہمیں مل کر اس جنگ کو جیتنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ منشیات فروش نوجوان نسل اور انسانیت کے سب سے بڑے دشمن ہیں، اور ایسے عناصر کو عبرت کا نشان بنانے کے لیے قومی سطح پر پختہ ارادہ ہے۔ انہوں نے تمام شہریوں اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف متحد ہو کر ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مضبوط کریں۔