Get Alerts

وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ برقرار، ہلاکتیں 235 تک پہنچ گئیں

وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ برقرار، ہلاکتیں 235 تک پہنچ گئیں

کاراکاس: وینزویلا میں آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 235 ہو گئی ہے۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ملک میں وقفے وقفے سے آنے والے دو بڑے زلزلوں کی شدت بالترتیب 7.2 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی، جن کے باعث عمارتوں، سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔

رپورٹس کے مطابق اب تک 235 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کئی متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹا کر لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

دارالحکومت کاراکس میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں، جس کے باعث ہزاروں شہری کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ شدید زلزلوں سے کاراکس کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی متاثر ہوا، جس کے بعد پروازوں کا آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ قائم مقام صدر نے ساحلی اور دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دو بڑے زلزلوں کے بعد اب تک ایک درجن سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ ماہرین نے آئندہ ہفتے کے دوران تقریباً 5 شدت کے مزید زلزلے کے امکان سے بھی خبردار کیا ہے۔

دوسری جانب امریکا نے امدادی سرگرمیوں میں تعاون کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں وینزویلا روانہ کر دی ہیں، جبکہ مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے زلزلہ متاثرین کی فوری امداد کے لیے ایک لاکھ یورو دینے کا اعلان کیا ہے۔

ٹیگز: